اسلام آباد (اے بی این نیوز)حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ پر اہم پیش رفت سامنے آگئی.
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کے درمیان صدارتی محل میں ملاقات ہوئی جس میں بجٹ سے متعلق امور زیر غور آئے۔ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وسائل اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ایک دوسرے کو جگہ دینگے، تکنیکی کمیٹیاں بعض قابل عمل نکات پر مشاورت جاری رکھیں گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری کو گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی جس کے جواب میں صدر آصف علی زرداری نے بھی کہا کہ یہ کس کا بیٹا ہے؟
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت سے بجٹ تجاویز دینے کیلئے وقت مانگا تھا جب کہ حکومت نے بجٹ کی تیاری میں پیپلز پارٹی کو ساتھ رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اقتصادی ٹیم نے بجٹ تجاویز پر کام شروع کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کو بجٹ پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔حکومت نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
مزید پڑھیں:کون بنائے گا حکومت؟ گلگت بلتستان سے بڑی خبر آگئی















