اہم خبریں

بجٹ سے قبل بڑی پیش رفت، آزاد کشمیر کیلئے خطیر فنڈز تجویز

بجٹ سے قبل بڑی پیش رفت، آزاد کشمیر کیلئے خطیر فنڈز تجویز

اسلام آباد(رضوان عباسی )وفاقی حکومت کے تحت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں مالی سال 2026-27 کے تحت آزاد کشمیر میں ترقیاتی، تعلیمی، صحت، توانائی، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 54 ارب 17 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کے لیے 43 ارب 10 کروڑ 54 لاکھ روپے جبکہ نئے منصوبوں کے لیے 3 ارب 94 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

آزاد کشمیر بلاک ایلوکیشن کے لیے 33 ارب روپے اور وزیراعظم کے خصوصی پیکج کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔دانش سکول منصوبوں کے تحت آزاد کشمیر کے چار اضلاع میں تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے 62 ارب 69 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جبکہ مالی سال 2026-27 میں چار دانش سکول منصوبوں کے لیے 6 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق ضلع باغ کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش سکول کے لیے 2 ارب 14 کروڑ روپے، بھمبر میں ترمیم شدہ منصوبے کے لیے 60 کروڑ روپے جبکہ وادی نیلم کے علاقے شاردا میں دانش سکول کے لیے 1 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی تجویز ہے۔

حویلی کہوٹہ میں بھی دانش سکول کے قیام کے لیے 2 ارب 9 کروڑ روپے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔دستاویز توانائی کے شعبے میں 48 میگاواٹ جگراں-II ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے 1 ارب 14 کروڑ 94 لاکھ روپے، 30 میگاواٹ شاردا-II کے لیے 10 کروڑ روپے، 35 میگاواٹ نگدر منصوبے کے لیے 30 کروڑ روپے جبکہ 40 میگاواٹ دواریاں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے بھی فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔

دستاویز کے تحت بنیادی ڈھانچے کے تحت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کے لیے 1 ارب 47 کروڑ 54 لاکھ روپے، رٹھوعہ ہریام پل کے لیے 88 کروڑ 44 لاکھ روپے اور نوسیری۔لیسوا بائی پاس روڈ کے لیے 27 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مالی سال 2026-27 میں صحت کے شعبے میں میڈیکل کالج میرپور کے لیے 43 کروڑ روپے اور میر واعظ میڈیکل کالج مظفرآباد کے لیے 15 کروڑ روپے سے زائد جبکہ پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ کے انفراسٹرکچر کے لیے 40 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔شہری سہولیات کے لیے میرپور واٹر سپلائی و سیوریج اسکیم کے لیے 50 کروڑ روپے، ایل او سی متاثرین کی بحالی کے لیے 39 کروڑ روپے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کے لیے 1 ارب 37 کروڑ 71 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید برآں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 86 کروڑ 74 لاکھ روپے، آسان خدمت مرکز مظفرآباد کے لیے 20 کروڑ روپے اور لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے لیے 40 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔آزاد کشمیر میں گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی کے قیام کے لیے 30 کروڑ روپے جبکہ یونیورسٹی آف کوٹلی کے تعلیمی و تحقیقی منصوبوں کے لیے بھی فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔پی ایس ڈی پی 2026-27 میں توانائی، تعلیم، صحت، سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات کے منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں‌:مہاجرین کی نشستوں پر اہم فیصلہ متوقع، تفصیلات سامنے آگئیں

متعلقہ خبریں