اہم خبریں

آزاد کشمیر میں مہاجرین نشستوں کا معاملہ گرم، پیپلز پارٹی کا اہم مؤقف سامنے آنے کا امکان

آزاد کشمیر میں مہاجرین نشستوں کا معاملہ گرم، پیپلز پارٹی کا اہم مؤقف سامنے آنے کا امکان

مظفرآباد (اے بی این نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں مہاجرین نشستوں کے خاتمے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے، جبکہ حکمران جماعت Pakistan Peoples Party اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان اس معاملے پر ہم آہنگی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی مہاجرین نشستوں کے خاتمے کے حوالے سے اندرونِ خانہ سرگرم ہے اور مظفرآباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں اس حوالے سے اپنا واضح مؤقف پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلز پارٹی مہاجرین نشستوں کے خاتمے کے حق میں مؤقف اختیار کر سکتی ہے، جبکہ گزشتہ کئی ماہ سے جماعت کی جانب سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مؤقف کی خاموش حمایت بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے بعض رہنما نجی محفلوں میں مہاجرین نشستوں کے خاتمے کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کر رہے ہیں، جبکہ پارٹی قیادت نے کارکنوں کو ایکشن کمیٹی کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ہدایات بھی دے رکھی ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق مہاجرین نشستوں کے مستقبل سے متعلق کسی بھی ممکنہ فیصلے سے آزاد کشمیر کی سیاست میں ہلچل پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ آئندہ آل پارٹیز کانفرنس کو اس معاملے میں فیصلہ کن پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر مہاجرین نشستوں کے حوالے سے کوئی بڑی تبدیلی سامنے آتی ہے تو اس سے پیپلز پارٹی کو سیاسی اور انتخابی سطح پر فائدہ پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:زندگی کا انتہائی اہم کام جو 50 سال پہلے کرنا چاہئے تھا اب کر رہا ہوں: شیخ رشید

متعلقہ خبریں