اسکردو (اے بی این نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے فیلڈ مارشل کی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔
اسکردو میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں گلگت بلتستان کا دورہ کیا، جی بی کے اضلاع میں جتنا میرے پاس آیا ہے کوئی اور سیاستدان نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو ایران میں شہید کیا گیا، ان حالات میں یہاں انتخابی مہم چلانا مناسب نہیں سمجھا گیا۔
پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے فیلڈ مارشل کی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ امن کی کوششوں کو کامیاب ہونا چاہیے، دنیا بھر کے لوگ ایران کے ساتھ جنگ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرتی ہے، یہ کیسی معاشی پالیسی اور ترقی ہے کہ امیر امیر تر ہوتا چلا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) اسلام آباد کا واحد ادارہ ہے جو ہر غریب کے گھر تک پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے خلاف سیاسی جماعتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی، وزیراعظم بجٹ میں بی آئی ایس پی فنڈز میں اضافے کا اعلان کریں گے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایٹم بم ذوالفقار بھٹو نے دیا اور میزائل ٹیکنالوجی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے دی، جی بی کو شمالی علاقہ جات کہا گیا، جی بی کا نام صدر زرداری نے دیا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنماؤں کو گلگت بلتستان سے صوبہ بدر کر دیا گیا















