اہم خبریں

حج 2026

حج 2026 میں عازمین کی تعداد میں اضافہ، سعودی حکام کی رپورٹ جاری

سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق حج 2026 کے دوران 17 لاکھ سے زائد عازمین نے فریضہ حج ادا کیا، جس میں دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسلمان شامل تھے۔ سعودی حکام کے مطابق اس سال حاجیوں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار 301 افراد نے حج ادا کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 ہزار 71 زیادہ ہیں۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ برس 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے حج کیا تھا، جبکہ اس سال شرح میں تقریباً 2.04 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عازمین کی تعداد 15 لاکھ 46 ہزار 655 رہی، جبکہ سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 ریکارڈ کی گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے بیشتر حاجی فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچے۔ تقریباً 14 لاکھ 85 ہزار 729 عازمین ہوائی سفر کے ذریعے آئے، جبکہ 54 ہزار 429 افراد زمینی راستے اور 6 ہزار 497 سمندری راستے سے مملکت پہنچے۔

مکہ روٹ انیشی ایٹو سے فائدہ اٹھانے والوں میں اضافہ

سعودی حکام نے بتایا کہ مکہ روٹ انیشی ایٹو سے فائدہ اٹھانے والے حاجیوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ اس پروگرام کے تحت عازمین اپنے ملک سے روانگی سے قبل امیگریشن اور کسٹمز کی کارروائی مکمل کرتے ہیں۔ رواں برس 3 لاکھ 88 ہزار 694 افراد نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔

حج انتظامات میں شامل اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی جبکہ سیکیورٹی، صحت اور لاجسٹک اداروں کے درمیان مربوط نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

متعلقہ خبریں