عیدالاضحیٰ کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحد پر قائم اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ اس موقع پر انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے، قربانیوں اور ملک کے دفاع کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد پاکستان کی سلامتی، امن، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں جبکہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دشمن عناصر اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوت کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہے۔ انہوں نے جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاری، چوکسی اور قربانیوں کو ملک کا فخر قرار دیا۔
انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم قوم اور افواج پاکستان متحد ہو کر ہر سازش ناکام بنائیں گے۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے سہولت کاروں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔















