اہم خبریں

افغان میڈیکل طلبہ کے لیے بڑی خبر، بلوچستان ہائیکورٹ نے اہم فیصلہ سنا دیا

افغان میڈیکل طلبہ کے لیے بڑی خبر، بلوچستان ہائیکورٹ نے اہم فیصلہ سنا دیا

کوئٹہ (اے بی این نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ نے افغان شہریوں کی پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم جاری رکھنے سے متعلق آئینی درخواست نمبر 1334 آف 2026 خارج کردی۔

جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ غیر ملکی شہریوں کو ریاستی پالیسی کے خلاف پاکستان میں تعلیم یا تربیت جاری رکھنے کا مستقل حق حاصل نہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ امیگریشن، غیر ملکی شہریوں کی واپسی اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اس لیے عدالت انتظامیہ کی پالیسی میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

بلوچستان ہائیکورٹ نے افغان شہریوں کے میڈیکل اداروں میں داخلے، منتقلی اور سہولت کاری سے متعلق حکومتی ہدایات میں بھی مداخلت سے انکار کردیا۔

فیصلے میں عدالت نے واضح کیا کہ افغان شہریوں کے ساتھ انسانی وقار، انصاف اور قانون کے مطابق سلوک کیا جانا لازم ہے، تاہم انسانی بنیادوں پر بھی پاکستان میں قیام یا تعلیم جاری رکھنے کا مستقل حق پیدا نہیں ہوتا۔

عدالت نے قرار دیا کہ اگر متعلقہ افراد کو کسی معاملے میں شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ اس کے ازالے کے لیے افغانستان کے سفارتخانے سے رجوع کرسکتے ہیں۔

یوں بلوچستان ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کی جانب سے پاکستان میں تعلیم جاری رکھنے سے متعلق درخواست خارج کردی۔
مزید پڑھیں‌:گلگت بلتستان کا 218 ارب سے زائد کا بجٹ پیش، بڑی تفصیلات سامنے آگئیں

متعلقہ خبریں