اہم خبریں

مناسک حج کا آغاز

مناسک حج کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ پہنچنا شروع

سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہو گیا ہے اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ روح پرور مناظر کے دوران حجاج کرام لبیک اللہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ عبادات میں مصروف ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق عازمین کی منیٰ منتقلی کا عمل آج دوپہر تک جاری رہے گا جبکہ حجاج پیر کی رات منیٰ میں قیام کریں گے۔ بعد ازاں 9 ذی الحج بروز منگل عازمین حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران مکہ مکرمہ میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ کھلے مقامات پر گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ پانی استعمال کریں، دھوپ میں غیر ضروری طور پر نہ نکلیں اور تمام حفاظتی اصولوں پر مکمل عمل کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

رپورٹس کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جن میں اکثریت فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچی۔ سعودی حکومت نے اس سال گرمی کی شدت کے پیش نظر مقدس مقامات پر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کی سہولت کیلئے سایہ دار مقامات، مسٹ فین، ٹھنڈے پانی اور طبی مراکز میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مناسک حج کا آغاز محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں