چندی گڑھ (اے بی این نیوز) بھارتی پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے 600 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کر رہی ہے۔
بھگونت مان نے کہا کہ اس پالیسی کا مقصد عام شہریوں کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے تاکہ گھریلو صارفین اپنی ضروریات کے مطابق بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ایئر کنڈیشنر اور دیگر برقی آلات استعمال کر سکیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مفت بجلی کی سہولت کے باوجود حکومت نے ایسے اقدامات کیے ہیں جس سے محکمہ بجلی کو مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے تقریباً 1080 کروڑ روپے میں 540 میگاواٹ کی صلاحیت کا ایک پرائیویٹ تھرمل پاور پلانٹ خریدا ہے، جس سے بجلی کی پیداوار پر حکومت کا کنٹرول مزید مضبوط ہو گا اور توانائی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں مقامی سطح پر کوئلے کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔ ایک کان سے سالانہ تقریباً 7 ملین میٹرک ٹن کوئلہ حاصل کیا جا رہا ہے جس کی قیمت نسبتاً کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوتی ہے۔
پچھلی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے بھگونت مان نے کہا کہ ماضی میں سرکاری اداروں کو خسارے میں دکھا کر ان کی نجکاری کی گئی لیکن موجودہ حکومت اداروں کو خود کفیل اور مضبوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا اور توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا میں ہلچل،ٹرمپ کی رہائشگاہ پر حملہ،بڑی خبر















