اہم خبریں

وزیراعظم کا دورہ چین،جانیے اہم تفصیلات

بیجنگ (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف چین کے 4 روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں ہانگزو پہنچ گئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، وزیر آئی ٹی شازہ فاطمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم آج سے 26 مئی تک چین کا دورہ کریں گے جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات، سیاسی روابط اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہانگ زو میں صوبہ زی جیانگ کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ چین نے تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے بزنس فورم، معاہدوں کے تبادلے اور مفاہمت کی یادداشتوں میں بھی شرکت کرے گا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم چین کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے اور چائنا اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز سمیت چینی کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کریں گے۔

اس کے علاوہ شہباز شریف پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ سے متعلق تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں‌:دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں ہوشرباء اضافہ

متعلقہ خبریں