راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو قومی عزم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مکمل امن کے قیام تک یہ جدوجہد پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری خدمات اور بہادری کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں شہداء کے اہل خانہ، افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی اعزازات تقسیم کیے اور وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے دوران 50 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغہ بسالت عطا کیے گئے۔ بعد از شہادت دیے جانے والے اعزازات شہداء کے اہل خانہ نے وصول کیے۔ اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے جبکہ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کی استقامت اور وطن سے محبت کو بھی سراہا۔
انہوں نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ملک میں دیرپا امن اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔















