کراچی (اے بی این نیوز)پاکستانی اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے سوشل میڈیا پر ان سے منسوب کیے جانے والے ایک متنازع اور جعلی بیان کی سختی سے تردید کردی۔
حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک بیان تیزی سے وائرل ہورہا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ جو مرد گھر میں سکون نہیں پاتے، انہیں غیر ازدواجی تعلقات قائم کرلینے چاہئیں۔
تاہم عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر وضاحت دیتے ہوئے اس بیان کو مکمل طور پر جھوٹ اور من گھڑت قرار دیا۔
اپنی پوسٹ میں عائشہ عمر نے کہا کہ یہ سراسر بکواس ہے، میں نہ کبھی ایسی سوچ رکھ سکتی ہوں اور نہ ہی ایسا بیان دے سکتی ہوں، دھوکا دہی اور غیر ازدواجی تعلقات میرے نزدیک مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں، یہ میرے وجود کے ہر احساس کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کسی بھی خبر یا بیان کو پھیلانے سے پہلے اپنے ذرائع کی تصدیق کریں اور محض کسی کی ساکھ خراب کرنے کے لیے جھوٹی باتیں نہ پھیلائیں۔
واضح رہے کہ عائشہ عمر پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
مزید پڑھیں: خواجہ سرائوں کیساتھ ملکر شہری سے رشوت لینے پر پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج















