لاہور(اے بی این نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ گلیشیئرز پگھلنے کے باعث جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جس کے دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔
اُدھر گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شیرانی، مستونگ، بارکھان، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، زیارت اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں ایرانی ریال کی قدر میں بڑا اضافہ، نئی قیمت سامنے آگئی















