اسلام آباد(اے بی این نیوز) ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں اور خطے کی بدلتی معاشی صورتحال کے باوجود پاکستانی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کراچی، لاہور اور سرحدی علاقوں میں ایرانی ریال کی طلب بڑھنے کے باعث اس کی قیمت میں غیر معمولی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
تازہ ترین اوپن مارکیٹ ریٹس کے مطابق ایک پاکستانی روپے کے مقابلے میں تقریباً 4 ہزار 733 ایرانی ریال جبکہ 10 پاکستانی روپے کے بدلے تقریباً 47 ہزار 339 ایرانی ریال مل رہے ہیں۔
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران ایرانی ریال کی قدر میں تقریباً چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق 10 ملین ایرانی ریال، جو کچھ عرصہ قبل تقریباً 2 ہزار 500 پاکستانی روپے میں فروخت ہو رہے تھے، اب ان کی قیمت بڑھ کر 10 ہزار پاکستانی روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی تجارت، مقامی طلب میں اضافہ اور غیر رسمی مارکیٹ میں لین دین کی سرگرمیوں نے ایرانی ریال کی قیمت میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کار بھی متبادل کرنسیوں کی جانب توجہ دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کا تیل بھی سستا ہوگیا















