گلگت بلتستان (اے بی این نیوز)گلگت بلتستان انتخاب کیلئے استحکام پاکستان پارٹی نے حکمت عملی طے کرلی۔ 9 نشستوں پر اپنے امیدوار لانے کا اعلان کردیا گیا۔ 20 رکنی انتخابی بورڈ نے امیدوارں کے نام فائنل کئے۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی 9 سیٹوں پر بھی نام جلد فائنل کرلیے جائیں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی زیر صدارت انتخابی بورڈ کا اجلاس ہوا،جس میں طے پایا کہ اسلامی تحریک پاکستان سے اتحاد کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا استحکام پاکستان پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔
اجلاس میں 9 نشستوں کیلئے فائنل کیے گئے پارٹی امیدواروں میں مولانا سلطان رئیس، فتح اللہ خان، کیپٹن (ر) شفیع اللہ خان، ایمان شاہ، راجہ جلال حسین، شمس الحق لون، حاجی شاہ بیگ، حاجی گلبر خان اور خان اکبر خان شامل ہیں۔ آئندہ چند روز میں انتخابی بورڈ گلگت بلتستان کے باقی امیدواروں کا اعلان بھی کر دے گا۔
اجلاس میں طے پایا کہ آئی پی پی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینئر ممبران گلگت بلتستان کا انتخابی دورہ کریں گے۔ انتخابی بورڈ کے اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی عون چوہدری اور گل اصغر بگھور نے وڈیو لنک پر شرکت کی۔ ممبر قومی اسمبلی منزہ حسن، رانا نذیر احمد خان، میاں خالد محمود اور سید صمصام علی بخاری اجلاس میں شریک ہوئے۔
رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ ،حاجی گلبر خان،جی جی جمال، چوہدری ظہیر الدین،راجہ جلال، شمس الحق لون، فتح اللہ خان ،مامون جعفر تارڑ، یاور کمال، ملک زمان نصیب اور سید رفاقت علی گیلانی بھی بورڈ کے رکن ہیں۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے میں بھرتی مکمل میرٹ پر ہوگی،وزیر داخلہ














