مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے ڈوڈہ میں اتوار کے دن زلزلے(earthquake) کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.6 ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق زلزلہ صبح تقریباً 4 بج کر 32 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ ماہرین کے مطابق کم گہرائی میں آنے والے زلزلے عام طور پر زیادہ شدت سے محسوس کیے جاتے ہیں، تاہم اس واقعے میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں :جو بھی ہمارے جہازوں پر فائرنگ کرے گا اسے تباہ کریں گے،امریکی صدر
زلزلے کی شدت اور وقت کی تصدیق نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے کی، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ کم گہرائی میں آنے والا تھا جو 0 سے 70 کلومیٹر کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
مقامی افراد کے مطابق جھٹکے مختصر وقت کے لیے محسوس ہوئے، تاہم کئی لوگ خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔ حکام کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔















