اہم خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے بجٹ سے قبل منی بجٹ لانے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے

اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے نئے مالی سال سے قبل منی بجٹ لانے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے، جبکہ آئندہ بجٹ جون کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مئی کے آخری ہفتے میں بجٹ پیش کرنے کی تجویز بھی مسترد کر دی گئی ہے، جس کے بعد بجٹ کی تیاری کا عمل مزید مشاورت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو منی بجٹ کے ذریعے مختلف ٹیکس اقدامات کی تجاویز پیش کی گئی تھیں، تاہم انہوں نے کوئی نیا ٹیکس لگانے یا ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تمام تجاویز مسترد کر دیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا مؤقف ہے کہ عوام پہلے ہی تیل کی قیمتوں میں اضافے سے شدید پریشان ہیں، اس لیے مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا مناسب نہیں ہوگا۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث معاشی صورتحال پر اثرات کے پیش نظر وزیراعظم نے بجٹ تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کو مالیاتی اہداف پر نظرثانی کے لیے آمادہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ کی ترجیحات موجودہ حالات کے مطابق تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ مہنگائی، مالیاتی خسارے اور دیگر معاشی اہداف متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید برآں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے متعلق تین سالہ بجٹ حکمت عملی بھی دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے، جس کے باعث معاشی منصوبہ بندی میں رد و بدل متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ جاری، 47 افراد جاں بحق، 117 زخمی

متعلقہ خبریں