لاہور(اے بی این نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے ایک اہم میچ کے پیش نظر شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق لاہور پولیس نے میچ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں کثیر سطحی سیکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور میچ انتظامیہ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ٹیموں کی رہائش گاہوں اور آمدورفت کے روٹس کی سخت نگرانی جاری ہے۔ سٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ اور سرویلنس جاری ہے، جبکہ پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن قائم ہے تاکہ سیکیورٹی اقدامات کو مربوط انداز میں نافذ کیا جا سکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ میچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ڈیوٹی پلان نافذ کیا گیا ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ایونٹ کو پرامن اور کامیاب بنایا جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرتے ہوئے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
مزید پڑھیں :امریکا اور اسرائیل کے تعلقات میں کشیدگی، اعلیٰ سطحی رابطے میں اختلافات سامنے آگئے















