اسلام آباد(اے بی این نیوز) حکومت نے توانائی بحران کے پیش نظر کم آمدن افراد کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرول پر سبسڈی فراہم کرنے کا نیا نظام تیار کر لیا ہے، جس کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے رعایت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تیار کردہ موبائل ایپ اس وقت آزمائشی مرحلے میں ہے اور اسے جلد ملک بھر میں متعارف کرانے کا امکان ہے۔ اس اسکیم کا بنیادی ہدف موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان ہیں، جنہیں ماہانہ 20 لیٹر تک سبسڈی والا پیٹرول فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر خصوصی نوزلز کے ذریعے سبسڈی والا پیٹرول دستیاب ہوگا، جبکہ ہر پمپ پر ڈیجیٹل نظام چلانے کیلئے دو موبائل فونز مختص کیے جائیں گے۔
اس نظام کے تحت صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے واؤچرز جاری کیے جائیں گے، جنہیں مخصوص پمپس پر دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر صارف کا کوٹہ شناختی کارڈ اور گاڑی کے رجسٹریشن نمبر سے منسلک ہوگا تاکہ کسی بھی قسم کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ سبسڈی سے باہر رہنے والے صارفین کو عالمی منڈی کے مطابق پیٹرول کی قیمت ادا کرنا ہوگی، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کو اس اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔
مزید برآں، نظام کی مؤثر نگرانی کیلئے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا انتظام کیا جائے گا اور ہنگامی حالات میں فراہمی برقرار رکھنے کیلئے بیک اپ نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ پیٹرول پمپس پر عملے اور صارفین کی رہنمائی کیلئے تربیتی ویڈیوز بھی فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں۔جمعة المبارک، آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم















