اہم خبریں

کم آمدنی والے طبقے کو سستی رہائش دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اجلاس ،وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے عام آدمی کو ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں پہنچانے کے حوالےسے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تعمیرات کے شعبے کے حوالے سے ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات کی جارہی ہیں، تعمیری شعبے کے لئے ٹیکس اسٹینڈرڈائزیشن پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کی مشاورت جاری ہے ؛ ہاؤس مورٹگیج کے حوالے سے اصلاحات کا مسودے پر مشاورت جاری ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدن والوں کے لئے گھروں کی تعمیر پر لائحہء عمل تیار کیا جا رہا ہے،رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبوں کے ضابطہء کار کے حوالےسے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ ہاؤس فنانس کے حوالے سے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر وزارت خزانہ ، ایف بی آر ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور صوبے وزارت ہاؤسنگ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض پیرزادہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد تک کمی

متعلقہ خبریں