اہم خبریں

خیبرپختونخوا: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عمران خان سے ملاقات کی راہ ہموار کرنے کے لیے سرگرم، کیا برف پگھل رہی ہے؟

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے جیل میں ملاقات کی راہ ہموار کرنے اور عید کے موقع پر ملاقات کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی پشاور کی نسبت اسلام آباد میں زیادہ سرگرم ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو، جو ان کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد سے بند ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سہیل آفریدی کے ساتھ عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی دیکھی جا رہی ہیں، جو طاقتور حلقوں کے ذریعے ملاقات کی خواہاں ہیں۔ ’میری معلومات کے مطابق سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کی ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی کو عمران خان کی بہن علیمہ خان کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ’علیمہ خان بھی ایک ملاقات میں شریک تھیں، لیکن بات کس حد تک آگے بڑھی، اس بارے میں زیادہ معلومات سامنے نہیں آئیں۔‘

سہیل آفریدی کی اہم ملاقاتیں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب وہ عید کے بعد عمران خان کی رہائی کے حوالے سے ملک گیر تحریک کی تیاری کررہے ہیں اور عید کے بعد باقاعدہ عمران خان رہائی فورس بھی تشکیل دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں عمران خان سے ملاقات اور بہتر علاج تک رسائی کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔

جبکہ کچھ حلقوں نے عمران خان رہائی فورس اور صوبائی حکومت کے وسائل کو احتجاجی تحریک اور دھرنوں میں استعمال کرنے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔

ایک اور ذریعے نے بتایا کہ ملاقاتوں میں سہیل آفریدی کو بتایا گیا کہ عمران خان سے ملاقات کا انحصار پی ٹی آئی پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے ملاقاتوں پر غیر اعلانیہ پابندی لگ گئی ہے۔ جبکہ سہیل آفریدی کی جانب سے عید کے بعد تحریک شروع کرنے پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سہیل آفریدی ممکنہ طور پر عید کے بعد تحریک چلانے سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں، جبکہ عید کے دنوں میں یا عید کے فوراً بعد ملاقات کا اشارہ بھی دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں۔امریکا میں ایران جنگ پر اختلافات، سربراہ انسداد دہشتگردی سینٹر جو کینٹ مستعفی

متعلقہ خبریں