بھارت(اے بی این نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ میں نمیبیا کے خلاف میچ میں ابھیشیک شرما کی شرکت بیماری کی وجہ سے مشکوک ہوگئی ہے۔
بھارتی بیٹر کی طبیعت امریکا کے خلاف میچ سے قبل ہی خراب ہوگئی تھی اور میچ کھیلنے کے بعدان کی حالت مزید بگڑ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک شرما کو معدے میں انفیکشن ہونے کی وجہ سے دہلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جہاں اُنہیں تیز بخار ہونے کی وجہ سے فوری طور پر ڈرپس لگائی گئیں۔
بھارتی بیٹر کے اسپتال میں مختلف ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ انفیکشن کی نوعیت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
ابھیشیک شرما نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں آج اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا یا نہیں، اس لیے نمیبیا کے خلاف میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔
موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ابھیشیک شرما کی جگہ واشنگٹن سندر کو بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں۔کینیڈا: اسکول میں فائرنگ کا واقعہ، 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی















