اہم خبریں

ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم داخل، پیش گوئی سامنے آگئی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں اور برفباری کا کنیا سسٹم داخل ہونے کے حوالے سے بڑی پیش گوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر شہروں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ملک میں بارشوں اور برفباری کے کنیا سسٹم کے داخل ہونے کے نتیجے میں مختلف شہروں اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کوزک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند سمیت بالائی علاقوں میں برف باری شروع ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 سے 4 فروری تک گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔مری، گلیات، ملتان، جھنگ، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح میں آج سے بارش شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ سردی اور برف باری کی شدت کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، پشین اور گوادر میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد سے زائد ہے، شمال مشرق سے 5 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

اے کیو آئی کے مطابق شہر میں ہوا کا معیار غیر صحت بخش ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے جب کہ ہوا میں ذرات کی مقدار 179 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

لاہور میں سردی کی شدت میں کمی آئی ہے اور درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ لاہور کی ہوا کا معیار خراب اور آلودہ شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور دھند کے باعث حد نگاہ 4 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں‌:پی ایس ایل سیزن 11، لاہور قلندرز کے اسٹار کھلاڑی دستبردار

متعلقہ خبریں