اہم خبریں

پاکستان ایران پر اسرائیلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (رضوان عباسی ) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران میں حالیہ واقعات پاکستان کیلئے گہری تشویش اور سنجیدہ تحفظات کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ، قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاک بھارت تعلقات میں تناؤ میں کمی کے حوالے سے امریکہ کا کردار غیر مبہم، واضح اور مثبت رہا جسے پاکستان سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ایٹمی عدم پھیلاؤ کے ادارے آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان طویل تعاون کی تاریخ ہے اور پاکستان نے کبھی نہیں سنا کہ ایران نے اس ادارے کے ساتھ کسی قسم کا تعاون روکنے کی بات کی ہو۔
لداخ میں بھارت کی جانب سے جاری کی گئی نئی ریگولیشنز پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت فوری طور پر ان اقدامات کو واپس لے۔
ایران سے تعلقات کے تناظر میں ترجمان نے وضاحت کی کہ پاکستان کو ایران کی جانب سے مہاجرین کو پناہ دینے کے حوالے سے کوئی باقاعدہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔ اسی طرح اب تک ایران کی جانب سے کسی قسم کی فوجی امداد کی درخواست بھی موصول نہیں ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سوشل میڈیا آج کے دور میں جہاں معلومات کی فوری ترسیل کا ذریعہ ہے وہیں غلط معلومات (Disinformation) پھیلانے کا بھی بڑا ذریعہ بن چکا ہے، اس لیے عوام کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے، پاکستان ایران پر اسرائیلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور خطے کے امن و استحکام کو ہر صورت مقدم رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں :اسرائیلی وزیر دفاع نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کی دھمکی دیدی

متعلقہ خبریں