راولپنڈی (اے بی این نیوز) نورین نیازی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے احتجاجی تحریک کے آغاز کا فیصلہ فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے احتجاجی تحریک دو ہفتوں کے لیے مؤخر کر دی ہے۔
اس فیصلے کی اہم وجہ عالمی حالات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال بتائی جا رہی ہے، جس سے عمران خان بخوبی آگاہ ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے، اور ایسی صورتحال میں قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے واضح کیا کہ احتجاج ایک جمہوری حق ضرور ہے، مگر موجودہ عالمی تناظر میں قومی یکجہتی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو پاکستان کے مفاد میں سوچنا ہوگا، تاکہ ملک کو درپیش معاشی، سیکیورٹی اور سفارتی مسائل سے نجات دلائی جا سکے۔
تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاجی تحریک کو مؤخر کرنے کا فیصلہ وقتی ہے، اور آنے والے دنوں میں ملکی حالات کا جائزہ لے کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :چین کی للکار، دنیا امریکہ کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتی ہے،چینی صدر شی جن پنگ