اہم خبریں

قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج،ترقیاتی بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد(اے بی این نیوز)آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی منظوری آج قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) سے متوقع ہے۔ مجوزہ بجٹ کے تحت اہم وزارتوں اور منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر کھربوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت آبی وسائل کیلئے 147 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جن میں دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کیلئے بالترتیب 35.7 اور 35 ارب روپے، جبکہ داسو ہائیڈرو پروجیکٹ کیلئے 20 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سندھ کے آبی منصوبوں جیسے کے فور، کراچی بلک واٹر سپلائی، اور انڈسٹریل ایریا کی سڑکوں کیلئے بھی اربوں روپے رکھے گئے۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیلئے سب سے بڑا 302 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔

بلوچستان اور سندھ کے اہم شاہراہوں جیسے این 25، ایم 8، اور حیدرآباد-سکھر موٹروے منصوبے نمایاں ہیں۔وزارت دفاع کیلئے 11.5 ارب، وزارت تعلیم کیلئے 19.2 ارب، جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے 140 منصوبوں کیلئے 45 ارب روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا۔ وزیراعظم یوتھ اسکل پروگرام کیلئے 4.3 ارب اور دانش اسکولوں کیلئے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور اسپارکو کے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 26 ارب روپے سے زائد مختصکئے گئے ہیں۔

اسلام آباد اور کراچی میں آئی ٹی پارکس، سیف سٹی پروجیکٹس، اور ماڈل جیل سمیت کئی شہری ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں۔ریلوے کو بھی 24 ارب روپے دیے جا رہے ہیں، جن میں تھرکول ریلوے لائن، کارگو بوگیوں اور کوچز کی خریداری شامل ہے۔بلوچستان کو وفاق کی جانب سے 93 ارب روپے، آزاد کشمیر کو 45 ارب، اور گلگت بلتستان کو 37 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کیلئے 70.4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، تاہم خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں کیلئے صرف 55 کروڑ روپے مختص کئےگئے ہیں، جو قابل توجہ فرق ہے۔وزارت توانائی، صحت، میری ٹائم، داخلہ، قانون، منصوبہ بندی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر وزارتوں کیلئے بھی مخصوص فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔وفاقی حکومت کا ترقیاتی بجٹ وسیع البنیاد ہے، جس میں قومی، علاقائی اور خصوصی علاقوں کے منصوبوں کو شامل کر کے ترقیاتی توازن قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ڈی پورٹ 7 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی پاسپورٹ منسوخی کا عمل شروع

متعلقہ خبریں