اہم خبریں

ایف بی آر نے 56 شہروں میں پراپرٹی کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی ویلیو کو مارکیٹ ریٹ کے قریب لانے کے لیے 56 شہروں میں پراپرٹی ویلیوایشن ریٹ میں 80 فیصد تک اضافہ کردیا، نئے نرخوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اس کا مقصد ریونیو میں اضافہ اور سرمایہ کاری کو معیشت کے زیادہ پیداواری شعبوں میں منتقل کرنا ہے۔نظرثانی شدہ نرخوں میں بنوں، چنیوٹ، کوٹلی ستیاں اور گھوڑہ گلی سمیت 12 نئے شہروں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

حکومت پہلے ہی موجودہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر کئی ٹیکسز نافذ کر چکی ہے۔ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمد لنگڑیال نے کہا کہ قیمتوں میں تبدیلی پراپرٹی کی قسم، اس کے مقام اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ٹیکس اتھارٹی پہلے ہی 2018، 2019، 2021 اور 2022 میں پراپرٹی ویلیو کو چار مرتبہ ایڈجسٹ کر چکی ہے۔

ایف بی آر نے منگل کی رات دیر گئے اپنی ویب سائٹ پر پراپرٹی کی اپ ڈیٹ ویلیوز شائع کرنا شروع کر دیں۔بہت سے دوسرے ممالک میں، ٹیکس کا تعین لین دین کی قیمت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ تاہم، پاکستان میں، اعلان کردہ جائیداد کی قیمت اکثر لین دین کی اصل قیمت سے نمایاں طور پر کم ہوتی ہے۔ایف بی آر انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 236(C)، 236(K) اور 7(E) کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کرتا ہے اور گزشتہ بجٹ میں جائیداد کی خرید و فروخت پر پانچ فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بھی عائد کی گئی تھی۔

گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر نے سیکشن 236(C) اور 236(K) کے تحت جائیداد کی خرید و فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس کے طور پر تقریباً 150 ارب روپے جمع کیے تھے۔ تاہم، سیکشن 7(e) اور دیگر اقدامات کے تحت جمع ہونے والی آمدنی کا ڈیٹا ابھی تک دستیاب نہیں ہے۔FBR بڑے شہری مراکز میں جائیداد کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو کا تعین کرنے کے لیے 2016 سے کام کر رہا ہے جبکہ سٹیمپ ایکٹ 1899 کے سیکشن 27(A) کے تحت صوبوں میں ویلیوایشن لسٹ عام طور پر ڈسٹرکٹ کلکٹر جاری کرتا ہے۔

ایف بی آر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا ہے جو کہ مارکیٹ کی توقعات سے بہت کم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے درمیانی قدر والے پلاٹ کو بینچ مارک کے طور پر استعمال کیا گیا۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ پاکستان رئیل اسٹیٹ کی فروخت سے 600 ارب روپے سے 700 ارب روپے تک ٹیکس جمع کر سکتا ہے، تاہم ٹیکس حکام کا تخمینہ ہے کہ اصل وصولی تقریباً 200 ارب روپے ہے۔
مزید پڑھیں: سانگھڑ میں پسند کی شادی نہ کرانے پرنوجوان نے گھر والوں کو قتل کر دیا

متعلقہ خبریں