اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہبازشریف آج (جمعرات) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کریں گے۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب کے بعد متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024: پاکستان آج اسکواڈ کا اعلان کرے گا، ہالینڈ کی ٹیم میں تبدیلیاں متوقع
وزیراعظم کی امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے اور دونوں رہنما تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی بات چیت کریں گے۔وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی دیگر اماراتی شخصیات، تاجروں اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی سے جڑی ہیں، جس میں متواتر اعلیٰ سطح کے تبادلے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی ایک امتیازی خصوصیت ہیں۔
وزیر اعظم کے ترجمان کے مطابق شہباز شریف کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کثیر الجہتی دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔