کراچی(نیوزڈیسک)پاک ایران تجارت کو فروغ دینےکے لیےکراچی میں ایرانی مصنوعات کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔کراچی ایکسپو سینٹر میں یہ نمائش 16سے 18جنوری تک جاری رہےگی اور اس میں ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی خصوصی طورپر شرکت کرےگا۔تین روزہ نمائش میں 60 کمپنیوں کے اسٹالز لگائے جا رہے ہیں، ان میں قالین، پیٹرو کیمیکلز، کیمیکلز، پیٹرولیم مصنوعات کی صنعت میں استعمال ہونے والے آلات، مختلف اقسام کے پرزہ جات، پولیمر پراڈکٹس، تعمیراتی سامان،آئرن اور اسٹیل، تانبے سے بنی چیزیں، ٹائلز اور سیرامکس کی کمپنیاں شامل ہیں۔کان کنی اور زراعت سے متعلق سامان، سیمنٹ پیکیجنگ،مختلف اقسام کے گیلوانائزڈ اور باربڈ وائرز، ایل ای ڈی لیمپس، گھریلو استعمال میں آنے والی بجلی کی مشینری اور سجاوٹ کا سامان بھی نمائش میں پیش کیا جائےگا، کھانے پینے کی اشیاء بشمول ڈیری پراڈکٹس سے جڑی کئی صنعتوں کی بھی یہاں نمائندگی کی جائےگی۔ایکسپو سینٹر میں عام طور پر مختلف ممالک کی صنعتی اشیاء کی ایک ساتھ نمائش کی جاتی ہے تاہم ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے کہ صرف ایک ملک اپنی مصنوعات پیش کرے، صرف ایرانی مصنوعات کو یہاں پیش کیا جانا اس بات کا اظہار بھی ہےکہ پاکستان میں مختلف ایرانی اشیاء کی مانگ میں کس قدر تیزی سےاضافہ ہو رہا ہے۔















