اہم خبریں

انتخابی دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلیاں ،ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کے مختلف شہروں میں حالیہ انتخابات میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور وکلاء نے ریلی نکالی اور مظاہرے کئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مظاہرین جی پی او چوک پر جمع ہوئے، جہاں پی ٹی آئی کے وکلاء نے پارکنگ میں داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔اس دوران پولیس نے پی ٹی آئی کے اہم کارکن شہزاد فاروق اور حافظ ذیشان کوگرفتارکرلیا۔

لاہور میں ہونے والے مظاہروں میں پی ٹی آئی اور بانی عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے، مظاہرین انصاف اور پارٹی کارکنوں اور عمران خان دونوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔

پولیس کی طرف سے مذاکرات کی کوششوں کے باوجود کشیدگی برقرار رہی کیونکہ مظاہرین نے انتخابی نتائج پر عدم اطمینان کا اظہار کیاہے۔

دریں اثناء راولپنڈی میں شیر افضل مروت کی قیادت میں ریلی لیاقت باغ سے شروع ہوئی جس کے شرکاء نے مبینہ انتخابی دھاندلی پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

انتخابی دھاندلی کی مذمت کرنے والے نعروں پر مشتمل ریلی نے مری روڈ پر پولیس کی بھاری نفری کو اپنی طرف متوجہ کیا جس میں ڈولفن فورس جیسے یونٹ بھی شامل تھے۔

پارٹی کی اہم شخصیات بشمول سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ شہریار ریاض اور اجمل صابر بھی پی ٹی آئی کے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے موجود تھے۔

 

 

شہریارریاض نےکہا کہ جب تک انصاف نہیں ملتا اور انتخابی شفافیت کو یقینی نہیں بنایا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔

ادھر اٹک میں پی ٹی آئی رہنما میجر (ر) طاہر صادق نے ریلی سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان کے گھر کو گھیرے میں لے رکھا ہے، سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے 10 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں