اہم خبریں

عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے،صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے اور اسے تسلیم کرنا چاہیے، صدر عارف علوی نے پُر امن الیکشن کے انعقاد پر قوم کو مبارکبادبھی دی۔

اتوار کوسوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں انہوں‌نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ووٹ دیا۔ نوجوان بھی باالخصوص داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انکا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عظم انشاللہ تاریخ رقم کرے گا۔

انہوں‌نے کہاکہ شدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے۔ ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیے۔ ہمارے شاندار مستقبل میں میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیونکہ لوگوں نے کُھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہارکیا ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ میرے شہریوں کے اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیئے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیئے۔ سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کر کے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے۔

صدرمملکت کے مطابق آؤ میرے لوگو، اٹھو اورمتحد ہو جاؤ، سب کچھ جوڑ کر تعمیر نو کا کام شروع کرو۔ دنیا آپ کی منتظر ہے۔

متعلقہ خبریں