راولپنڈی( نیوزڈیسک) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ہم پُرامن اور تشدد سے پاک انتخابات پر قوم کو دل کی گہرائی سے مبارکباد دیتے ہیں۔
جمعرا ت کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق مسلح افواج نے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انتخابات کی سکیورٹی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاک فوج کے ایک لاکھ 37 ہزار جوانوں، سول آرمڈ فورسز کے 6 ہزار اور کوئیک ریسپانس فورس کے 7ہزار 800 جوانوں نے پُرامن انتخابات کو یقینی بنایا۔
حالیہ دہشت گردی کا مقصد انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا تھا لیکن ہمارے جوان ملک بھر میں امن اور سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پُرعزم رہے۔
دہشت گردی میں 10 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید جبکہ 39 زخمی ہوئے، مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گردوں کو مارا گیا، موثر حکمت عملی سے دہشت گردی کے خطرات کو ناکام بنایا گیا۔
مزیدپڑھیں:ژوب گیریژن پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید، 5 شدید زخمی ، آئی ایس پی آر
بیان کے مطابق مسلح افواج کے ساتھ مل کر جمہوری عمل کو محفوظ بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھی مشکور ہیں، ہم پُرامید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،
بیان میںکہاگیا کہ ہماری قربانیاں پاکستان کے عوام کی اُمنگوں کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
بیان کے مطابق مسلح افواج ملک میں امن اور سکیورٹی کے لیے پُرعزم ہیں، مسلح افواج ملک میں جمہوری اقدار کے تحفظ اور غیر متزلز ل حمایت بھی کرتی رہیں گی۔















