راولپنڈی (نیوزڈیسک) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آرڈی اے نے تین غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان مسعود عظمت، سردار نیاز خان، سردار جہانگیر اکبر، شیخ ندیم منور اورمحمد ندیم کے خلاف ایف آئی آر درج کرادیں ،
ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں امپیریل سٹی موضع ساہنگ مندرہ چکوال روڈ تحصیل گوجر خان، نیشنل گولڈ انکلیو ملوکال موضع ساہنگ مندرہ چکوال روڈ تحصیل گوجر خان اورکشمیر گرین سٹی موضع کری دولال جی ٹی روڈ مندرہ تحصیل گوجر خان راولپنڈی شامل ہیں۔
ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے اشتہارات و مارکیٹنگ کے خلاف قانونی کارروائی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتھارٹی نے ایف آئی آرز درج کرانے سے پہلے ان تین غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے سپانسرز کو نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے سبھی کو متنبہ کیا ہے کہ آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقے میں ہاؤسنگ سکیموں، اپارٹمنٹ پراجیکٹس، کمرشل عمارتوں وغیرہ کو شروع کرنے کے لیے آر ڈی اے سے مطلوبہ این او سی حاصل کیے بغیر ہر قسم کے اشتہارات، مارکیٹنگ اور ایسے منصوبوں کی ڈویلپمنٹ ،اشتہاری ایجنسیاں، پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں، سول پروپرائٹر شپ وغیرہ غیر قانونی ہے لہذا آر ڈی اے عوام الناس کو مشورہ دیتا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں کوئی سرمایہ کاری نہ کریں۔
مزید برآں سپانسرز کو بھی متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ و غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کی مارکیٹنگ فوری طور پر بند کر دیں اور قانون کے مطابق سکیم کا این و سی منظوری حاصل کرنے کے لیے آر ڈی اے سے رابطہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم اسلام آباد، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اسلام آباد، ایس این جی پی ایل اسلام آباد، ڈسٹرکٹ کلکٹر، ضلع کونسل راولپنڈی، پیمرا اسلام آباد اور کمشنر اسلام آباد کو سوشل میڈیا، واٹس اپ، یوٹیوب اور انٹرنیٹ سہولت کی دیگر ایپس پر نجی ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی اشتہارات کے بارے میں درخواست ومعلومات کے ساتھ خطوط بھیج دیے ہیں۔
مزیدپڑھیں:راولپنڈی ، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم مالکان کیخلاف مقدمات درج
انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی و غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں، تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں، بکنگ آفسز اور تجاوزات کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی جاری رکھیں۔















