راولپنڈی (اے بی این نیوز )پاکستان ویمن لیگ کے آغاز کیلئے بہت پرجوش ہیں، ایسے میچز سے نوجوان کھلاڑیوں کو کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی ، ابھی ہمیں پریشر کے دوران اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان ویمن لیگ کی دونوں فرنچائز ایمازونز کی کپتان بسمہ معروف اور سپرویمن کی کپتان نداڈار نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بسمہ معروف نے کہاہے کہ پاکستان ویمن لیگ کا انعقاد ہمارے لیے بہت اچھاہے، غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے نوجوان خواتین کرکٹرزکے کھیل میں نکھار پیداہوگا۔ یورپی ٹیمیں زیادہ میچز کھیلنے کی وجہ سے پریشر میں اچھا کھیلتی ہیں جبکہ ہمیں پریشر برداشت کرنے کیلئے ابھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نداڈار نے کہاکہ بسمہ معروف نے ملک کی بڑی خدمت کی ہے، ان کی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی قیادت کیلئے مجھ سے ابھی کوئی رابطہ نہیں کیا، ہمارا سارا فوکس ابھی ویمن لیگ پر ہے کیونکہ ایسے میچز کی ہمیں ضرورت تھی اور پی سی بی نے ہمارے لیے یہ بہت اچھا موقع فراہم کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری انفرادی کارکردگی تو اچھی ہے لیکن بحیثیت ٹیم ہمیں مزید محنت کی ضرورت ہے۔ فرنچائز میچوں سے ہمارا خواتین کھلاڑیوں کا پول بھی بڑھے گا اور کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔















