اہم خبریں

پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار و فروخت کے اعداد و شمار سینیٹ میں پیش

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار و فروخت سے متعلق تازہ اعداد و شمار سینیٹ میں پیش کردیے گئے ہیں، جن کے مطابق پنجاب میں دونوں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جولائی سے ستمبر 2026 کے عرصے کے اعداد و شمار تحریری جواب میں فراہم کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس مدت کے دوران ملک میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار 7 ہزار 35 میٹرک ٹن رہی، جبکہ اس کی روزانہ فروخت 21 ہزار 583 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 14 ہزار 65 میٹرک ٹن اور فروخت 16 ہزار 866 میٹرک ٹن رہی۔

صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار 4 ہزار 670 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 14 ہزار 827 میٹرک ٹن رہی۔ اسی عرصے میں صوبے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی روزانہ پیداوار 7 ہزار 608 میٹرک ٹن اور فروخت 10 ہزار 779 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔

سندھ میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار ایک ہزار 592 میٹرک ٹن اور فروخت 4 ہزار 567 میٹرک ٹن رہی۔ صوبے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 4 ہزار 419 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 3 ہزار 662 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا میں جولائی سے ستمبر کے دوران پیٹرول کی یومیہ فروخت 2 ہزار 127 میٹرک ٹن رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی روزانہ فروخت 2 ہزار 355 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔ فراہم کردہ رپورٹ میں صوبے کی دونوں مصنوعات کی پیداوار کے اعداد و شمار درج نہیں کیے گئے۔

بلوچستان میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار 773 میٹرک ٹن اور فروخت 62 میٹرک ٹن بتائی گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 2 ہزار 38 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 70 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔

سینیٹ میں پیش کیے گئے یہ اعداد و شمار ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور صوبائی سطح پر فروخت کی صورت حال واضح کرتے ہیں۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت سب سے زیادہ رہی۔

متعلقہ خبریں