اسلام آباد(اے بی این نیوز)ویمن لیگ کے تین نمائشی میچ 8،10 اور 11 مارچ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔یہ میچز دو ٹیموں ایمیزون Amazons اور سپرویمن Super Women کے درمیان کھیلے جائیں گے۔۔ٹیم ایمازونز کی قیادت بسمہ معروف جبکہ سپر ویمن ٹیم کی کپتانی ندا ڈار کریں گی۔ غیر ملکی خواتین کھلاڑی بھی اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔خواتین کے میچز سے دن دو بجے سے شروع ہوں گے ۔مردوں کے پی ایس ایل کے مذکورہ تین میچوں کے ٹکٹ خواتین کے میچ کے ان دنوں میں ہونے والے میچز کیلئے بھی کارآمد ہونگے۔ پی سی بی اپنی سماجی کارپوریٹ ذمہ داری کے طور پر 8مارچ بروز بدھ کے ٹی ٹوئنٹی میچ کو خواتین کے دن کو منانے کے لیے استعمال کرے گا۔ پنک ربن پاکستان کے اشتراک سے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے جمعہ کو دوسرا نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔ ہفتہ کو تیسرا اور آخری نمائشی میچ سرکل ویمن کے تعاون سے تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کھیلا جائے گا۔ ادھر پی سی بی نے تینوں میچوں کے لیے میچ آفیشلز کابھی اعلان کردیاہے،تینوں میچوں کی ریفرینگ کے فرائض محمد انیس سرانجام دیں گے۔ شوزب رضا 8 مارچ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے سلیمہ امتیاز کو آن فیلڈ امپائر کے طور پر جوائن کریں گے۔ طارق رشید تھرڈ امپائر اور حمیرا فرح فورتھ امپائر ہوں گی۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے شوزب رضا اور حمیرا فرح آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، طارق رشید اور سلیمہ امتیاز تھرڈ اور فورتھ امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے طارق رشید اور سلیمہ امتیاز آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ شوزب رضا اور حمیرا فرح تھرڈ اور فورتھ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ خواتین کھلاڑیوں نے گذشتہ روز اسلام آباد کلب کے کرکٹ گراونڈ میں پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا۔















