سڈنی(نیوز ڈیسک) آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹی 20 کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق فنچ نے 5 ٹیسٹ، 146 ون ڈے اور 103 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز اسکور کیے۔ان کے انٹرنیشنل کیریئر میں 17 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بھی شامل ہیں۔فنچ نے 76 ٹی ٹوئنٹی اور55 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی کپتانی بھی کی، وہ گزشتہ سال ستمبر میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے میں 2024 کے ورلڈ کپ تک نہیں کھیلوں گا ، ٹیم کو مزید مضبوط کرنے کا یہی صحیح وقت ہے۔ میں اپنے خاندان، خاص طور پر اپنی اہلیہ ایمی، میری ٹیم کے ساتھیوں، کرکٹ وکٹوریہ، کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے مجھے اس کھیل کو کھیلنے کی اجازت دی ،میں ان تمام مداحوں کا بہت شکریہ کہنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے پورے بین الاقوامی کیریئر میں میرا ساتھ دیا۔ 2021 کا ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2015 کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتنا ہے میرے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔















