عدلیہ نے25کروڑ عوام کا اعتماد بحال کردیا، بیرسٹر گوہر

پشاور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلہ معطل کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالت نے بلے کا نشان بحال کردیا ہے، آج عدلیہ نے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اعتماد بحال کردیا۔پشاور میں وکیل علی ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے، عدالت نے ہر شق دیکھی، الیکشن کمیشن کا آرڈرمعطل کیا، پشاورہائیکورٹ نے سازش پر آخری کیل ٹھوک دی۔اس موقع پر وکیل رہنما علی ظفر نے کہا کہ پشاورہائیکورٹ کے جج صاحبان نے ہمیشہ انصاف کا سر اونچا کیا ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کردیا ہے، غیرقانونی،غیرآئینی آرڈر کے ذریعے بلے کا نشان چھین لیا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کےخلاف سازشیں ہورہی تھیں، بلے کے نشان پر اگلی تاریخ تک الیکشن لڑتے رہیں گے، انتخابی نشان سیاسی جماعت کی جان ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 17 میں کہا گیا ہے کہ انتخابی نشان پارٹی کا بنیادی حق ہوتا ہے، پشاورہائیکورٹ نے بول دیا بلے کا نشان پی ٹی آئی کا حق ہے۔