آڈیولیکس معاملہ،وزارت دفاع نے جواب جمع کرادیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)آڈیو لیکس کے معاملے پر وزارت دفاع نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔تفصیلات کے مطابق آڈیو لیکس کے معاملے پر وزارت دفاع نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔اپنے جواب میں وزارت دفاع نے کہا کہ آڈیو ریکارڈنگ کے متعدد سستے ٹولز دستیاب ہیں جسے کوئی بھی خرید سکتا ہے، کچھ پلیٹ فارمز بھی معاوضے کے بدلے یہ سروسز دیتے ہیں۔جواب میں کہا گیا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے آواز کے کنٹنٹ کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، ریکارڈنگ سورس کی معلومات صرف سوشل میڈیاہی دے سکتا ہے، معلومات حاصل کرنے کے لیے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ مجاز اتھارٹی ہے۔وزارت دفاع نے اپنے تحریری جواب میں مزید لکھا کہ کالز کرنے والے خود بھی ریکارڈ کرکے بعد میں لیک کرسکتے ہیں یا ان کا فون ہیک ہوسکتا ہے۔وزارت دفاع نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریکارڈنگ سورس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کوہدایت جاری کرنے کی استدعا کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے وزارت دفاع کے ایک صفحے پر مشتمل جواب میں چھ نکات شامل ہیں۔