اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آج نہیں پہلے بھی ہائی جیک ہوئی تھی۔ آج ثابت کیا گیا ہے یہ لوگ پی ٹی آئی ورکرز کو اہمیت نہیں دیتے، ہم نے پی ٹی آئی کا آئین تشکیل دیا تھا، ہمارے جو تحفظات تھے کہ محض سلیکشن ہے وہ سچ ثابت ہوا، نہ ووٹر لسٹ تھی نہ ورکرز کو موقع دیا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے۔ہفتہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی کی گئی، ہمارے بنیادی حقوق کو پامال کیا گیا، یہ سنگین معاملہ ہے، یہ پی ٹی آئی کے آئین کی بھی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کیسا الیکشن ہے جس میں پی ٹی آئی کے بانی اراکین شرکت نہیں کر سکتے، کل ہم مجبور تھے، وقت کم تھا اس لیے دفتر گئے، ہم نے کہا کاغذات نامزدگی اور ووٹر لسٹ دیں۔















