جنیوا(نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے جنیوا میں ازبکستان کے وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی۔وزیراعظم ا?فس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان ازبکستان کے مابین تجارت کے حجم کو بڑھانے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی راہداری پر کام کو مزید تیز کرنے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے صدر ازبکستان شوکت مرزایوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں جلد پاکستان آنے کی دعوت دی۔ وزیرِ اعظم نے ازبکستان کا پاکستان کی سیلاب کے دوران امداد پر صدر مرزایوف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور ازبکستان کی پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔















