اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم کے مشیر برائے آمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں تعلیم کی بنیاد پر اپنے معاشرے کی تشکیل نو کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ان تاثرات کا اظہار پنجن کسانہ، لالہ موسیٰ میں نور پبلک ہائیر سیکنڈری سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے آخری خطبے میں فوقیت کی بنیاد علم و تقوی کو قرار دیا تھا انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ پاکستان کا معاشرہ آج بھی فرقوں، مسالک، قبائل اور برادریوں کی بنیاد پر بٹا ہوا ہے جو ہمارے پیشتر مسائل کی بنیادی وجہ ہے، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یورپ کی ترقی کی بنیادی وجہ علم کی طاقت ہے جس کی بنیاد پر وہ نت نئی ایجادات کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم یورپ جیسا ترقی یافتہ تو بننا چاہتے ہیں لیکن ہم علم کی بنیاد پر یورپ جیسا معاشرہ تشکیل دینے میں اور معیاری درس گاہیں قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان مہنگائی، غربت اور امن و امان جیسے کئی مسائل کا شکار ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ ہم ان مشکل حالات سے نکلنے کے لیے درست راستے کا انتخاب کریں اور علم ہی ایسی دولت ہے جو ہمیں کامیابیوں سے ہم کنار کرا سکتی ہے۔مشیر آمور کشمیر نے کہا کہ اللہ رب العزت کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے عبادات کے بعد کئی نیکی کے ایسے کئی کام ہیں جن سے اللہ کی رضا حاصل ہوتی ہے اور ان افضل کاموں میں سے ایک علم کی روشنی پھیلانے کے لیے درسگاہ کا قیام ہے انہوں نے کہا کہ درس گاہ کا قیام ایک ایسی نیکی ہے کہ جس سے فرد تعلیم حاصل کر کے ایک پوری نسل کے اندر تبدیلی لا سکتا ہے اور جس سے ایک پورے معاشرے کی تشکیل نو ممکن ہوتی ہے اور ترقی کی منازل آسان اور دنیا میں عروج حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر حاجی محمد رفیق کو سکول کی صورت میں علم کی شمع روشن کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سکول علم کی روشنی موثر انداز سے پھیلانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔















