کوئی بھی مہذب معاشرہ آزادی اظہار کے نام پر مقدس ہستیوں، علامتوں اور آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیتا، وزیراعظم

اسلام آباد( اے بی این نیوز    )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی مہذب معاشرہ آزادی اظہار کے نام پر مقدس ہستیوں، علامتوں اور آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیتا۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ قرآن پاک، تورات اور انجیل کی بے حرمتی کی اجازت دینا ایک مذموم، گھٹیا اور حقیر ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا واحد مقصد عالمی امن کو خطرات سے دوچارکرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ او آئی سی اور مہذب دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور مقدس کتب کی بے حرمتی جیسے مکروہ عمل کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے رویوں کو روکنے کی ضرورت ہے جو مذہبی منافرت کو ہوا دیتے ہیں، تشدد کو فروغ دیتے ہیں اور دہشت گردی اور عسکریت پسندی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں مٹھی بھر شیطانی کرداروں کو امن، رواداری اور اجتماعیت کی ہماری مشترکہ اقدار کو کمزور نہیں کرنے دینا چاہئے۔