اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے نئی پارٹی کی تشکیل کے بعد اراکین نے نئی جماعت سے لاتعلقی کا اعلان کرنا شروع کردیا۔پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت بننے کے چند گھنٹے میں ہی اراکین کی جانب سے تردیدی پیغامات آنا شروع ہوگئے، میڈیا کو دیے گئے ناموں میں سے اب تک نو افراد نئی جماعت میں شمولیت کی تردید کر چکے ہیں جبکہ مزید کے آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر محمد جان، افتخار مشوانی، ملک شوکت، تاج محمد خان، پیر مصور خان اور ساجدہ ذوالفقار نے پرویز خٹک کی نئی جماعت میں شمولیت کی تردید کردی۔تحریک انصاف سے راہیں جدا کرکے اپنی جماعت بنانے والے سابق وفاقی وزیر پرویزخٹک نے نئی پارٹی میں 57 ارکان کی شمولیت کا دعویٰ کیا تھا، تاہم ان میں سے متعدد پی ٹی آئی کے سابق ممبران اسمبلی کی تردید آنا شروع ہوگئی ہے۔ارکان کا کہنا ہے کہ ہم اب تک پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہیں، پرویز خٹک کی بنائی گئی فہرست میں تصویر ہماری مرضی سے نہیں لگائی گئی، ہم ان کی پارٹی اور تقریب میں بھی شریک نہیں تھے، ہم کسی اور جماعت میں گئے ہیں اور نہ شامل ہونے کا ارادہ ہے۔دوسری جانب پرویزخٹک کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں فضل مولا کی جگہ وقار خان کی تصویرلگا دی گئی تھی، جب کہ اے این پی کے رہنما وقار خان کچھ عرصہ قبل انتقال کر چکے ہیں۔















