اسلام آباد( اے بی این نیوز )وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کوہ پیما نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ کو دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے پر مبارکباد اور شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بلند چوٹی مائونٹ ایورسٹ کے بعد خطرناک ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے والی پہلی خواتین ہونے کا اعزاز حاصل کرکے انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ثابت کیا کہ اُن کی ہمت، عزم اور ارادے بلند پہاڑوں سے بھی بلند ہیں ، ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی پاکستانی باہمت خواتین کی نمائندہ ہیں جو جفاکشی، بلند ارادے اور مقصد کو پالینے کی جستجو میں کسی سے پیچھے نہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی اور اُن جیسی قوم کی دیگر بیٹیاں اسی طرح دنیا میں پاکستان کا نام بلند کرتی رہیں اور کامرانیاں سمیٹتی رہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے مئی 2023 میں نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز کا اعزاز عطا کیاتھا ۔ نائلہ کیانی دوسری پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں جنہوں نے مائونٹ ایورسٹ سر کی تھی ۔ ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما تھیں جنہوں نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔ نیز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کی ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی کو دنیا کی خطرناک ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارک دی،ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ پاکستانی خواتین کے عزم وہمت کی علامت ہیں ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے اپنی مثالی ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور ناقابل تسخیر عزم کو ایک بار پھر دنیابھر پر ثابت کردکھایا ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ کرکے بتدریج پہلی اور دوسری پاکستانی خواتین ہونے کا اعزاز حاصل کیا، اب” کنگ آف دا ماؤنٹینز“ کو سر کرکے انہوں نے نئی روایت قائم کی اب خطرناک ترین نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین ہونے کا منفرد اعزازبھی ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے پاکستان کے نام کیا ہے















