ڈیرہ اسماعیل خان( اے بی این نیوز )وزیر مملکت برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ضلع ٹانک میں جتنے ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبے پیپلز پارٹی نے دیئے ہیں کسی اور جماعت نے نہیں دیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹانک کے علاقہ گل امام میں تحریک انصاف چھوڑ پر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کے شمولیتی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ پیپلز پارٹی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ملک فتح شیر،ضلعی صدر سردار ہدایت اللہ خان گنڈہ پور ،ضلعی جنرل سیکرٹری، معروف سیاسی شخصیت شاکر عظیم کنڈی، میزبان علی جان اسرار خان اور دیگر عہدیداران بھی انکے ہمراہ تھے۔ جلسہ میں تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں عدنان خان،ذاہد خان ایڈوکیٹ اور دیگر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ قبل ازیں وزیر مملکت جب ضلع ٹانک کی حدود میں داخل ہوئے تو انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ راستہ میں متعدد مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جہاں علاقائی اکابرین موجود تھے۔















