اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کا مقصد بلوچستان میں امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنا ہے لیکن اس سے ہماری بہادر سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایف سی کے قافلے پر بم دھماکے اور ضلع شیرانی میں چیک پوسٹ پر حملے پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی سمیت تمام شہداء کے بہادر خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک بالخصوص بلوچستان میں امن امان کو قائم رکھنے میں ہماری سکیورٹی فورسز کا کردار قابل فخر ہے، ہم اپنی جرأت مند سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور ملک کی حفاظت کے عزم کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم بھرپور قوت کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔















