اہم خبریں

حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے،رانا تنویر حسین

لاہور( اے بی این نیوز       )وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے، ملک بھر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، مشکلات کے باوجود ہم نے ملک بھر میں سڑکوں کے جال بچھائے ، پاکستان کی مضبوطی کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا،مسلم لیگ (ن)اگلے انتخابات میں جیت کر حکومت بنائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز صوبائی دارالحکومت کے نواحی قصبہ نارنگ منڈی میں عید ملن پارٹی کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق ایم این اے ، سابق ایم پی اے حسان ریاض ، مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر ملک محمد یوسف، رانا عتیق سمیت مقامی سماجی و سیاسی شخصیات و شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ کالا شا کاکو سے نارنگ نارووال موٹروے کا منصوبہ بہت سے اہم ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے، یہ منصوبہ علاقے کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھول دے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کا منشور ہے، حکومت ہر شعبے میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے،ملک بھر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں نے بہت سے چیلنجوں کے باوجود سڑکوں کا جال بچھایا اور پاکستان میں سی پیک کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹر ویز، جدید بس سروس، پانی اور پاور پلانٹس کی سہولیات مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے چار سال کے عرصے میں معیشت کو تباہ کیا تاہم اتحادی حکومت ہر شعبے میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں