اہم خبریں

پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر وزیر اعظم اور فنانس ٹیم کی کو ششیں قابل ستائش ہیں، محمد زبیر

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد زبیر نے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف اور فنانس ٹیم کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا ہے۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کا سہرا وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے بعد پاکستان کو9 ماہ کے لیے ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آئیں گے۔ آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کے بعد پاکستانی منڈیوں کے لیے طویل المدتی فوائد پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرونی مارکیٹ کے علاوہ ہمیں کئی شعبوں میں طویل المدتی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورو بانڈ کو لندن میں مثبت جواب ملا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت آئی ایم ایف سے مختصر یا طویل مدت کے لیے کوئی معاہدہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو جاتا ہے جنہوں نے عوامی مفاد میں سخت فیصلے لیے۔

متعلقہ خبریں