حویلیاں( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جا وید عباسی نے حویلیاں کے گائوں بٹولنی،مجائتھ،ترمچھ ،سلوالہ اورسریلہ کے دیہاتوں کے لئے سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ کا افتتاح کر دیا ہے،افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی کابینہ نے منظوری دیدی ہے ،کمپنی کے قیام سے ہزارہ کے عوام کی محرومیاں ختم ہوں گی ،یہ ہزارہ کی ترقی کاسب سے بڑا منصوبہ ہے جو مسلم لیگ ن اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے عوام کو دیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت نے کم وقت میں بے شمار کام مکمل کروا ئےہیں اور اپنے لوگوں کے سامنے سرخرو ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے نمائندوں نے عوام سے جھوٹ کہا اور آج ہم نے سچ کرکے دکھایا ہے۔مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف کی اصلیت عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔اس نے شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی ہے ۔ایساکوئی لیڈر نہیں کرسکتا ہے۔ جو کام دشمن نہیں کر سکے وہ عمران خان اور اس کی ٹیم نے کیاہے ۔لیکن ان کو نہیں پتہ یہ غیرت مند قوم اپنی اور بچوں کی قربانی دیکر ا س ملک پر آنچ نہیں آنے دی گی۔پاکستان کے دشمنوں کے عزائم ہم خاک میں ملائیں گے۔















